نئی دہلی، 18؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ نے قومی گیت اور قومی ترانے کو فروغ دینے کی پالیسی بنانے کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر مرکز سے چار ہفتے کے اندر جواب طلب کیا ہے۔جسٹس دیپک مشرا کی صدارت والی بنچ نے مرکز کو نوٹس جاری کیا اور اس درخواست پر جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔بنچ نے پارلیمنٹ، اسمبلیوں، عدالتوں، اسکولوں اور کالجوں میں کام کاج کے دن قومی گیت اور قومی ترانہ گانے کے قابل عمل ہونے پر جواب مانگا۔وکیل اشونی کمار اپادھیائے کی عرضی میں ملک میں بھائی چارہ اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دینے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 17؍فروری کو اسکولوں میں قومی ترانے کو لازمی بنانے کی بحث میں پڑنے سے انکار کر دیا تھا اور واضح کیا کہ اس نے اپنے خیال کا اظہارکئے بغیر ہی صرف قومی ترانے کے لیے اس طرح کی درخواست کو سماعت کے لیے رکھا ہے۔سپریم کورٹ نے گزشتہ سال 30؍نومبر کو ملک بھر کے سنیما ہال کی ہدایت دی تھی کہ کسی فلم کی نمائش سے پہلے لازمی طور پر قومی ترانہ بجائیں اور اس وقت ناظرین کو کھڑے ہوکر قومی ترانے کے تئیں احترام کا مظاہرہ کرنا ہو گا ۔